پاکستان

’اپوزیشن جتنا رونا ہے رولے، احتساب کا عمل نہیں رکے گا‘

جب بھی ہم چور ڈاکو پکڑنے کی بات کرتے ہیں،اپوزیشن گھبرا جاتی ہے، وزیر اطلاعات فواد چوہدری

وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ایسا کیا کہہ دیا کہ سب سیخ پا ہیں، اپوزیشن نے جتنا رونا ہے رو لے، احتساب کا عمل نہیں رکے گا۔

سینیٹ اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف مقدمہ نواز شریف دور میں بنا، حکومت کا شہبازشریف کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو سیاسی طورپر نشانہ بنانے کے حامی نہیں ہیں۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایسی کیا قیامت کی بات کردی کہ جس پر سب سیخ پا ہیں، ملک کا قرضہ بڑھ گیا ہے، پی آئی اے اور اسٹیل مل سب ڈوب گئے ہیں۔

مزید پڑھیں : ‘شہباز شریف کی گرفتاری پہلا قدم ہے، مزید بڑی گرفتاریاں ہوں گی’

ان کا کہنا تھا کہ فالودے والے، چھابڑی والے سے اربوں روپے نکل رہے ہیں،سب جانتے ہیں کہ منی لانڈرنگ ہورہی ہے اور وزیراعظم کا یہی مقصد ہے کہ لوٹی ہوئی رقم واپس لائیں اور کرپشن کو روکیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جب بھی چور ڈاکو پکڑنے کی بات کرتے ہیں،اپوزیشن گھبرا کر واک آؤٹ کرجاتی ہے، آپ نے احتجاج کرنا ہے کریں کل بھی وزیراعظم نے کہا تھا کہ کسی نے احتجاج کرنا ہے تو کنٹینر دینے کو تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مسلم لیگ (ن) کا شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کا اعلان

انہوں نے کہا کہ نیب کے مقدمات پاکستان تحریک انصاف کے لوگوں پر بھی بنے ہیں، سب کا احتساب ہوگا منسٹر پر نیب کا ریفرنس آیا انہوں نے استعفیٰ دے دیا، انہوں نے تو نہیں کہا کہ ریفرنس آگیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سیف الرحمٰن کو چیئرمین نیب لگانے والے ہمیں سبق پڑھارہے ہیں، آپ ہمیں سبق نہ پڑھائیں، اداروں پر تنقید کرنے کا نام جمہوریت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند سینیٹرز نے یہ رویہ بنالیا ہے کہ وہ آتے ہی سپاہی، جرنیل کی تضحیک کرتے ہیں، ہم تضحیک کرنے نہیں آئے، فوج پر تنقید کرنے کا نام جمہوریت نہیں ہے۔