افغان انٹیلی جنس کا 17 سالہ جنگ کو نجی کمپنی کے سپرد کرنے پر تحفظات کا اظہار
افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے ملک میں 17 سال سے جاری جنگ کو نجی ٹھیکیدار کے حوالے کرنے کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے ان پر تحفطات کا اظہار کردیا۔
خاما پریس کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نیشنل سیکیورٹی کونسل (این ایس سی) کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'ان دنوں ہماری فورسز ملک کی داخلی خود مختاری، افغان شہریوں کے حقوق اور ہمارے قومی اور اسلامی نظریات کا کامیابی سے تحفظ کررہی ہیں'۔
مزید پڑھیں: افغان جنگ کا ٹھیکہ نجی کمپنی کو دینے کا منصوبہ پھر زیر غور
افغان جنگ کو نجی کمپنی کے حوالے کرنے سے متعلق این ایس سی کے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'یہ تصور اس بات کی نفی کرے گا کہ افغانی اپنے مستقبل کا تعین خود کریں گے، افغان سیکیورٹی اور دفاعی فورسز ملک میں موجود تمام قوانین کے مطابق اسلام کے بنیادی اصولوں کے تحت عوام اور ملک کی قومی خود مختاری، دفاع اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کی ذمہ دار ہیں'۔