’مینگ کھٹ‘ طوفان فلپائن کے بعد ہانگ کانگ اور چین سے ٹکراگیا
مینگ کھٹ نامی سمندری طوفان فلپائن میں تباہی پھیلانے کے بعد ہانگ کانگ اور چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ سے ٹکرا گیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مینگ کھٹ طوفان اتوار کو ایک سو 62 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں اور بارش کے ساتھ چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ سے ٹکرایا تھا۔
اس حوالے سے چین کے نیشنل میٹرولوجیکل سینٹر کا کہنا تھاکہ ’ چین کو طوفان کے نتیجے میں بدترین بارش اور تیز ہواہوں کا سامنا ہوگا‘۔ انہوں نے حکام کو بھی طوفان سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
خیال رہے کہ مینگ کھٹ نامی طوفان علی الصبح ہانگ کانگ کے ساحل سے ٹکرایا تھا جس کے نتیجے میں مشہور وکٹوریا ہاربر سمیت مچھیروں کے علاقے زیرِ آب آگئے تھے۔
مزید پڑھیں : امریکا اور فلپائن میں طوفان سے تباہی، متعدد افراد ہلاک
ہانگ کانگ میں موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوگئی تھی جبکہ کچھ مقامات پر درخت بھی گرگئے تھے ۔
چین اور ہانگ کانگ میں طوفان کی وارننگ جاری کردی گئی تھی جس کے بعد چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں تقریباً پانچ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔
ہانگ کانگ میں عوام کو مشہور وکٹوریا ہاربر کا رخ نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں جبکہ مکاؤ میں تاریخ میں پہلی مرتبہ کسینو بھی بند کردیے گئے تھے۔