کراچی بہت پیچھے رہ گیا، اسے ترقی یافتہ شہر بنانا ہے، وزیر اعظم
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ کراچی پہنچے،جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی اور امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں سے سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔
اسٹیٹ ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی بہت پیچھے رہ گیا ہے اسے ترقی یافتہ شہر بنانا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں انفرااسٹرکچر کے نظام کو بہتر بنایا جائے، وفاق کی جانب سے جو تعاون درکار ہوگا فراہم کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: عمران خان کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر جشن
انہوں نے کہا کہ کراچی بہت پیچھے رہ گیا ہےاسے ترقی یافتہ شہروں میں لانا ہے اور لہٰذا اس کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کو گرین لائن بس منصوبے ،کے فور اور کراچی پیکیج پر بریفنگ دی گئی تھی جس پر وزیراعظم نے گرین لائن بس منصوبہ اور کے فور فوری طور پر مکمل کرنےکی ہدایت دی تھی۔
عمران خان کی زیر صدارت کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں میئر کراچی، و دیگر حکام نے شرکت کی۔