امریکا اور فلپائن میں طوفان سے تباہی، متعدد افراد ہلاک
امریکا اور فلپائن میں سمندری طوفان اور خراب موسم کے سبب متعدد افراد ہلاک ہو گئے اور دونوں ہی ممالک کے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
شمالی اور جنوبی کیرولینا میں فلورنس نامی طوفان سے اب تک 7 افراد ہلاک ہوئے جبکہ شمالی فلپائن طوفان مینگ کھٹ نے 3 افراد کی جان لے لی۔
امریکی ریاستوں جنوبی اور شمالی کیرولینا میں فلونس نامی طوفان کے سبب آنے والے تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی اور پہلے کی نسبت طوفان کمزور ہونے کے باوجود تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔
کیرولینا میں ایک گھر پر درخت گرنے کے نتیجے میں ایک خاتون اور اس کا بچہ ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے علاوہ لینوئر کاؤنٹی اور پینڈر کاؤنٹی میں بھی ایک ایک شخص کی ہلاکت رپورٹ ہوئی۔
مزید پڑھیں: امریکا: شمالی کیرولینا میں خوفناک طوفان، سیکڑوں عمارتیں تباہ
امریکا کے نیشنل ہریکین سینٹر کا کہنا تھا کہ طوفان کے سبب ابھی مزید کئی دن بارش کا امکان ہے لیکن دریاؤں میں پانی کی سطح آخر حد تک پہنچ چکی ہے جس سے خصوصاً جنوبی کیرولینا میں بڑے پیمانے پر سیلاب کا امکان ہے۔