دنیا

افغانستان: ہرات میں جنگجوؤں کا حملہ، 9 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

یہ حملہ 10 جنگجوؤں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے کیا گیا، ترجمان افغان صوبائی حکومت

افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں چیک پوائنٹ پر حملے کے نتیجے میں 9 افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

خبررساں اداے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق افغان حکام نے مغربی صوبے ہرات میں چیک پوائنٹ پر جنگجوؤں کے حملے اور ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

صوبائی حکومت کے ترجمان جیلانی فرہاد نے بتایا کہ یہ حملہ گزشتہ رات فائرنگ کے تبادلے میں 10 جنگجوؤں کے ہلاک اور 5 کے زخمی ہونے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں :افغانستان: طالبان کا فریاب میں فوجی اڈے پر قبضہ،14 اہلکار ہلاک

ان کا کہنا تھا کہ حملے میں طالبان کے ملوث ہونے کے امکانات ہیں،وہ اس ضلع میں کافی متحرک ہیں اور اکثر سیکیورٹی اہکاروں سمیت حکومتی عہدیداران کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

اگست 2018 کے آغاز میں افغانستان کے جنوب مشرقی شہر غزنی افغانستان کے جنوب مشرقی شہرغزنی میں طالبان کے مسلسل حملوں کے بعد امریکی فوج نے شہر میں طالبان کو نشانہ بناتے ہوئے متعدد فضائی حملے کیے تھے۔

تاہم امریکی فوج طالبان کو روکنے میں ناکام رہی تھی،جنگجوؤں نے غزنی کا کنٹرول حاصل کرکے شہریوں سمیت سیکڑوں افغان اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ کئی جنگجوؤں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات بھی تھیں۔

بعد ازاں 14 اگست کو افغانستان کے صوبے غزنی میں جاری جھڑپوں کے بعد طالبان جنگجوؤں نے صوبہ فریاب میں قائم فوجی اڈے پر قبضہ کرکے 14 اہلکاروں کو ہلاک اور درجنوں کو قید کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ طالبان کے خلاف جنگ کے باعث افغانستان میں تشدد کی فضا پروان چڑھ چکی ہے اور سال 2014 میں تقریباً 3 ہزار ایک سو 88 افغان شہری جاں بحق ہوچکے ہیں، جو اقوام متحدہ کے مطابق سب سے بدترین سال رہا تھا۔