بھارت: مودی سرکار کی پالیسز کے خلاف کسانوں، مزدوروں کا احتجاج
مظاہرین حکومت سے قیمتوں کے استحکام، قرضوں میں چھوٹ اور کم سے کم تنخواہ 18 ہزار روپے ماہانہ کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔
نئی دہلی: بھارت کے کسانوں اور بائیں بازو کی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے اراکین کی بڑی تعداد نے دارالحکومت نئی دہلی میں مودی سرکار کی پالیسز کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔
مظاہرین حکومت سے فارم سے حاصل ہونے والی اشیاء کی قیمتوں کے استحکام اور لیبر قوانین پر عمل درآمد، قرضوں میں چھوٹ اور کم سے کم تنخواہ 18 ہزار روپے ماہانہ کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔
مزید پڑھیں: بھارت میں کسانوں کا مظاہرہ، فائرنگ سے 6 ہلاک
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 'مزدور کسان جدوجہد ریلی' کا انعقاد سینٹر آف انڈین ٹریڈ یونین (سی آئی ٹی یو)، آل انڈیا کسان صباہ (اے آئی کے ایس) اور آل انڈین اگریکلچرز یونین (اے آئی اے ڈبلیو یو) کی جانب سے مشترکہ طور پر کیا گیا تھا، جس کا آغاز رام لیلہ میدان سے ہوا تھا اور یہ مختلف سڑکوں سے گزرتی ہوئی پارلیمنٹ اسٹریٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔