تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے متنازع مقابلے کے خلاف لاہور میں داتا دربار سے اسلام آباد کی طرف مارچ شروع کردی جبکہ حکومت سے ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ٹی ایل پی کے ترجمان پیر اعجاز اشرفی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لانگ مارچ کی قیادت سربراہ ٹی ایل پی علامہ خادم حسین رضوی و دیگر قائدین کر رہے ہیں۔
ٹی ایل پی کی جانب سے مارچ کا آغاز داتادربار سے کیا گیا جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور نعرے بازی نعتیں پڑھی گئیں جس کے بعد مارچ شروع ہوا۔
خادم حسین رضوی کی قیادت میں قافلہ کالا شاہ کاکو سے ہوتے ہوئے گجرانوالا کے قریب پہنچ گیا ہے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ٹی ایل پی کا قافلہ جی ٹی روڑ سے راولپنڈی پہنچے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹی ایل پی سے مذاکرات کے لیے 4 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیر برائے مذہبی امور صاحبزادہ نورالحق قادری، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین اور پنجاب کے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت شامل ہیں۔
نورالحق قادری کا کہنا تھااکہ 4 رکنی کمیٹی کل تحریک لبیک پاکستان کے قائدین سے ملاقات کرکے گستاخانہ خاکوں کے خلاف اقدامات سے آگاہ کرے گی۔،
ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی تشکیل کے لیے وزیر اعظم عمران خان کو تجویز دی تھی اور انھوں نے کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیا۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پرامن انداز میں بات چیت سے معاملات کے حل کے خواہشمند ہیں، اعلیٰ سطحی کمیٹی تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں کو ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف حکومتی اقدامات سے آگاہ کرے گی، گستاخانہ خاکوں کے خلاف تمام مسلمانوں کے جذبات یکساں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ناموس رسالت پاک کے دفاع کے لیے اتحاد لازم ہے جس کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ اس مسئلے سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی سطح پر رابطوں کے بارے میں آگاہ کریں گے۔