بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں پانی اور سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم سے بات کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے اور صوبے کے وسیع ترمفاد میں تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں گا۔
گورنر سندھ نے واضح کیا کہ گرین لائن منصوبے سمیت دیگر منصوبوں پر بھی بریفنگ لوں گا۔
گورنر سندھ کی حلف برداری
گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے سندھ کے 30 ویں گورنر کا حلف اٹھایا تھا، گورنر ہاؤس میں منقعد تقریب میں سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی محمد شیخ نے حلف لیا تھا۔
حلف برداری کی تقریب میں سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ، سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی، کراچی کے کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا، کراچی میئر وسیم اختر، رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد سعید، انسپکٹر جنرل آف پولیس امجد جاوید، کابینہ کے ارکان سمیت سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔