کھیل

ایشین گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کی لگاتار چوتھی فتح، ملائیشیا ناکام

ایشین گیمز 2018 میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے ملائیشیا کو 1-4 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

ایشین گیمز 2018 میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ملائیشیا کو 1-4 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیمی فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا۔

ابتدائی تین میچوں میں تھائی لینڈ، عمان اور قازقستان کو زیر کر کے مجموعی طور پر ایونٹ میں 36 گول اسکور کرنے والی پاکستانی ٹیم نے اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ ملائیشیا کے خلاف بھی جاری رکھا۔

گزشتہ تین میچوں کے مقابلے میں اتوار کو پاکستان کا مقابلہ گروپ کے سب سے مضبوط حریف ملائیشیا سے تھا تاہم اس میچ میں بھی پاکستان کو پہلے گول کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا۔

میچ کے چھٹے ہی منٹ میں محمد عرفان نے پینالٹی کارنر پر گول اسکور کر کے پاکستان کو برتری دلا دی لیکن 4منٹ بعد ہی پاکستان کے دفاع کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملائیشیا نے فیض حلمی جلی کے گول کی بدولت مقابلہ برابر کردیا اور یہ پاکستان کے خلاف ایونٹ میں ہونے والا پہلا گول ثابت ہوا۔

میچ کے ابتدائی 10منٹ میں ہی دو گول اسکور ہونے کے بعد ایسا محسوس ہونے لگا کہ ایک مرتبہ ہائی اسکورنگ میچ دیکھنے کو ملے گا لیکن اس کے بعد 38ویں منٹ تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

تاہم پاکستان کے اعجاز احمد نے اس جمود کو توڑتے ہوئے پاکستان کے لیے گول اسکور کر کے قومی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر برتری دلا دی۔

ابھی ملائیشین ٹیم اس حملے سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ مبشر علی نے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا کر پاکستان کی برتری کو دگنا کرتے ہوئے مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔

میچ کے اختتام سے دو منٹ قبل اعجاز نے اپنا دوسرا گول اسکور کرتے ہوئے پاکستان کو میچ میں 1-4 کی برتری دلا دی اور یہ گول ملائیشیا کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا۔

لگاتار چوتھے میچ میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان 12پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ ملائیشیا کی ٹیم دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان ہاکی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ منگل کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔

ایشین گیمز میں پاکستان نے اب تک صرف دو کانسی کے تمغے ہی جیتے ہیں اور گولڈ میڈل کے حصول کے لیے سب کی نظریں قومی ہاکی ٹیم پر مرکوز ہیں جس نے عمدہ کارکردگی سے خود کو سونے کے تمغے کے لیے فیورٹ ثابت کر دیا ہے۔