متحدہ کوریا نے ایشین گیمز میں تاریخ رقم کردی
ایشین گیمز 2018 میں متحدہ کوریا کے دستے نے کشتی رانی کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے تاریخ رقم کرتے ہوئے مشترکہ طور پر پہلا سونے کا تمغہ جیت لیا۔
اس مشترکہ ٹیم نے کشتی رانی کے 500 میٹر ڈریگن بوٹ کی ویمنز ریس میں کامیابی حاصل کر کے ایونٹ میں مشترکہ ٹیم کو پہلا سونے کا تمغہ جتوا دیا۔
ٹیم نے 2منٹ 24.788 سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ چین نے دو منٹ 25.092 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی، کانسی کا تمغہ جیتنے والی تھائی لینڈ کی ٹیم نے دو منٹ 26.904 میں فاصلہ طے کیا۔
متحدہ کوریا کی ٹیم نے ہفتے کو 200 میٹر کی ڈریگن بوٹ ریس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا جہاں چین سونے اور انڈونیشیا چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہا تھا۔
18اگست کو جکارتا میں منعقدہ ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں کوریا کی دونوں ٹیموں نے ایک ہی جھنڈے تلے شرکت کی تھی۔
ان دونوں ملکوں کی 58 ایتھلیٹس نمائندگی کر رہے ہیں جہاں وہ باسکٹ بال، کشتی رانی اور روئنگ کے مقابلوں میں شریک ہیں۔
یہ اس سال کا دوسرا موقع ہے کہ دو ملکوں کی ٹیمیں ایک ساتھ اور ایک ہی جھنڈے تلے کسی مقابلے میں شرکت کر رہی ہیں، رواں سال ہونے والے سرمائی اولمپکس میں بھی ان دونوں نے مل کر شرکت کی تھی۔