امریکی ایئرپورٹ حکام کا مسلم لڑکی سے ’پیڈز‘ دکھانے کا مطالبہ
امریکی ایئرپورٹ پر اسکریننگ کے حوالے سے پہلے بھی متنازع خبریں سامنے آتی رہی ہیں، تاہم اس بار ایک حیران کن خبر نے دنیا بھر کی خواتین کو پریشان کردیا۔
امریکی شہر واشنگٹن میں ایئرپورٹ حکام نے 27 سالہ مسلمان لڑکی کی تضحیک کرتے ہوئے اسکریننگ کے دوران ان سے اپنے خصوصی ایام میں استعمال کیے جانے والے پیڈز دکھانے کا مطالبہ کیا، جس کی وجہ سے انہیں سخت ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
امریکی ویب سائٹ ‘ہفنگٹن پوسٹ’ کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کی رہائشی لڑکی 27 سالہ زینب مرچنٹ کو حال ہی میں بوسٹن سے واشنگٹن ڈی سی کے سفر کے دوران ‘ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن‘ (ٹی سی اے) یعنی ایئرپورٹ حکام نے تلاشی کے بہانے تضحیک کا نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ حکام نے اسکریننگ کے دوران زینب مرچنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک خصوصی کمرے میں چل کر اضافی تلاشی دیں۔