ڈان ڈاٹ کام کے نام پرجعلی خبر کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش
سوشل میڈیا میں ڈان ڈاٹ کام کے ایک مضمون سے ملتی جلتی ایک جعلی خبر کا اسکرین شاٹ گردش کررہا ہے جس میں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا نے کراچی میئر وسیم اختر کے خلاف دائر کرپشن کا مقدمہ واپس لے لیا ہے۔
تصویر میں جعلی خبر کی سرخی اور متن کو دکھایا گیا ہے اور اس کو ڈان ڈاٹ کام سے مشابہت دی گئی ہے۔
ناپختہ انگریزی میں لکھی گئی ‘کہانی’ کا پہلا پیرا یوں ہے:
‘فیصل واوڈا سندھ ہائی کورٹ میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے خلاف مبینہ کرپشن پر دائر ایک درخواست سے دستبردار’ ۔
واضح رہے کہ جعلی پوسٹ بنانے والے فوٹو ایڈیٹنگ سوفٹ ویئر کے ذریعے ڈان ڈاٹ کام کی نقل تیار کرنے میں ماہر ہیں تاہم وہ ڈان کے اسٹائل گائیڈ اور معیار کے مطابق مکمل جملے بنانے کی قابلیت نہیں رکھتے اور وہ ایک سطر سے لمبی خبر بنانے کے بھی ماہر نہیں ہیں۔