بھارت: کیرالا میں طوفانی بارشوں، سیلاب سے 67 افراد ہلاک
کوچی شہر میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کے رن وے پر پانی کھڑے ہوجانے کے باعث تمام فلائیٹ آپریشنز بھی معطل ہوگئیں۔
بھارت کی ریاست کیرالا میں مون سون کے موسم کے دوران ہونے والی طوفانی بارشوں سے ٹرین اور فضائی سروسز معطل ہوگئیں جبکہ ایک ہفتے میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور پلوں کے ٹوٹنے سے 67 افراد ہلاک ہوگئے۔
ساحلی شہر کوچی میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کے رن وے پر پانی کھڑے ہوجانے کے باعث تمام فلائیٹ آپریشنز ہفتے کے روز تک کے لیے معطل ہوگئے۔
ضلع ایڈوکی کے حکام نے سیاحوں سے گزارش کی ہے کہ منار کے پہاڑی علاقوں سے دور رہیں۔
پامپا دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے عوام سے سباری مالا ہل پر قائم مندر سے بھی دور رہنے کہا گیا ہے۔