گلگت بلتستان: لڑکیوں کیلئے قائم متعدد اسکول نذر آتش
چلاس میں شرپسندوں نے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے قائم 7 اسکولوں اور 2 آرمی پبلک اسکولز کو نشانہ بنایا، مقامی افراد
گلگت بلتسان کے علاقے چلاس میں نامعلوم شرپسندوں نے رات کے اندھیرے میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے قائم متعدد اسکولوں کو نذر آتش کردیا۔
مقامی افراد کے مطابق چلاس شہر میں قائم لڑکیوں کے اسکول رونئی اور تکیہ میں شرپسندوں نے مبینہ طور پر دھماکے بھی کئے۔
اس کے علاوہ تحصیل چلاس کے علاقے ہوڈر اور تھور میں قائم لڑکیوں کے اسکولوں کو نذر آتش کیا گیا۔
دوسری جانب ضلع دیامر کی تحصیل داریل میں آرمی پبلک اسکول سمیت گیال گاؤں میں قائم لڑکیوں کے اسکول، تبوڑ میں لڑکیوں کے لیے قائم 2 اسکول اور کھنبری میں قائم ایک لڑکیوں کے اسکول کو بھی آگ لگائی گئی۔
مقامی افراد کے مطابق چلاس کے علاقے دیامر میں تحصیل تانگیر میں جنگلوٹ میں قائم آرمی پبلک اسکول سمیت گلی بالا اور گلی پائین میں قائم 2 لڑکیوں کے اسکولوں کو بھی نذر آتش کیا گیا۔