Live Election 2018

سندھ سے پہلی بار قومی اسمبلی کیلئے جنرل نشست پر ہندو امیدوار کامیاب

مہیش کمار ملانی کا مقابلہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم سمیت دیگر 13 امیدواروں سے تھا۔

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے اگرچہ تاحال حتمی نتائج سامنے نہیں آئے، تاہم سامنے آنے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق کئی بڑے سیاستدانوں کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اسی طرح اس بار انتخابات میں کئی ایسے سیاستدان بھی جیت کر سامنے آئے ہیں، جن کے جیتنے کی امید کم تھی۔

اس بارعام انتخابات میں صوبہ سندھ سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 222 تھرپارکر سے پہلی بار ایک ہندو سیاستدان جنرل نشست پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔

بختاور بھٹو زرداری نے بھارتی صحافی ادیتیا راج کول کی ٹوئیٹ کو ری ٹوئیٹ کیا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ مہیش کمار ملانی جنرل نشست پر کامیاب ہونے والے قومی اسمبلی کے پہلے امیدوار ہیں۔

مہیش کمار ملانی کی جیت کے حوالے سے دیگر افراد نے بھی ٹوئیٹس کیے۔

اس حلقے سے مجموعی طور پر 14 امیدوار میدان میں اترے تھے، جن میں سے سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے ارباب ذکاء اللہ اور تحریک لبیک پاکستان کے محمد رمضان اور آزاد خاتون امیدوار تلسی بالانی شامل تھیں۔

تاہم اس حلقے کے حتمی نتائج تاحال سامنے نہیں آئے۔