ملالہ ڈے پر ‘گل مکئی‘ کی جھلک
ملالہ یوسف زئی کی 21 ویں سالگرہ پر ان کی زندگی پر بنائی گئی فلم ‘گل مکئی’ کا ٹریلر جاری کردیا گیا
دنیا کی کم ترین نوبل انعام یافتہ اور دنیا بھر کی لڑکیوں کی تعلیم کے لیے سرگرم کارکن ملالہ یوسف زئی ہر سال 12 جولائی کو اپنا جنم دن مناتی ہے۔
آج ان کے 21 ویں جنم دن اور اقوام متحدہ کی جانب سے 2013 میں ان کے پیدائش کے دن پر منائے جانے والے عالمی دن ‘ملالہ ڈے’ پر ان کی زندگی پر بننے والی بولی وڈ فلم کا پہلا ٹیزر ٹریلر جاری کردیا گیا۔
ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بنائی گئی فلم ‘گل مکئی’ کے جاری کیے گئے ڈیڑھ منٹ دورانیے کے ٹیزر ٹریلر میں ان کی ابتدائی زندگی کے دنوں اور افغانستان و پاکستان کے قبائلی علاقہ جات میں طالبان کی جنگ کو دکھایا گیا ہے۔
ٹریلر کے آغاز میں ہی بولی وڈ اداکار کبیر بیدی کی پس پردہ آواز سنائی دیتی ہے، جو اسلام میں جہاد اور پھر پاکستان اور افغانستان میں طالبان کی جانب سے کیے گئے حملوں اور جنگ کی بات کرتے سنائی دیتے ہیں۔