انتخابات 2018: پولنگ سے قبل ہی پیپلز پارٹی کے امیدوار بلامقابلہ منتخب

میر شبیر علی بجارانی پی ایس 6 کشمور 3 سندھ سے بلامقابلہ کامیاب ہوئے ہیں، ریٹرننگ افسر

الیکشن کمیشن پاکستان ( ای سی پی ) کے ریٹرننگ افسر نے انتخابات 2018 کے انعقاد سے قبل ہی پہلے نتیجے کا اعلان کردیا، جس کے تحت پاکستان پیپپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے پی ایس 6 کشمور 3 سندھ سے امیدوار میر شبیر علی بجارانی بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پیپلز پارٹی سے اختلاف کے بعد میر شبیر بجارانی نے پارٹی کو خیر باد کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

تاہم گزشتہ روز وہ پیپلز پارٹی میں واپس آئے تھے اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی۔

مزید پڑھیں: قانون نافذ کرنے والے ادارے ہوں یا انصاف کا نظام ہر طرف مسائل ہیں،بلاول

اس کے علاوہ بلاول بھٹو کی جانب سے پیپلزپارٹی کے انتخابی منشور کے اعلان کے موقع پر کی جانے والی پریس کانفرنس میں بھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں انہوں نے آج ( 29 جون) کو پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کا ٹکٹ جمع کرادیا تھا، جس کے بعد ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن — فوٹو: ڈان نیوز

ریٹرننگ افسر عطاء اللہ مہر کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 75 (1) کے تحت میر شبیر علی بجارانی ملاقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ میر شبیر علی بجارانی، مرحوم میر ہزار خان بجارانی کے صاحبزادے ہیں اور ضلع کشمور میں ان کے مقابلے میں تمام امیدوار دستبردار ہوگئے تھے۔

قبل ازیں میر شبیر علی بجارانی نے سردار محبوب بجارانی، مکیش چاولہ، گل محمد جاکھرانی اور سہیل انور سیال کے ہمراہ پیپلزپارٹی ویمن ونگ کی صدر فریال تالپور سے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری

ملاقات کے دوران شبیر بجارانی نے پارٹی کی قیادت چیئرمین بلاول بھوٹو اور کو چیئرمین آصف علی زرداری پر یقین اور اعتماد کا اظہار کیا تھا

اس موقع پر فریال تالپور کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایک خاندان کی طرح ہے، خاندان کا کوئی بھی شخص اختلاف کرکے اپنے موقف پیش کرسکتا ہے لیکن وہ خاندان کو چھوڑ کر اس کے بغیر نہیں رہ سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات 2018 میں پارٹی کارکنان کی حمایت سے بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔