لاڑکانہ جج کا گردش کرنے والا استعفیٰ جعلی ہے، سندھ ہائی کورٹ
ایسا کوئی استعفیٰ نہ ہی بھیجا گیا اور نہ ہی ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کو موصول ہوا، پی آر او سندھ ہائی کورٹ
سندھ ہائی کورٹ کے تعلقات عامہ کے دفتر نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (اے ڈی ایس جے) گل ضمیر سولنگی کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مبینہ استعفے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ استعفیٰ درحقیقت جعلی ہے۔
سوشل میڈیا پر کئی نامور صحافیوں اور شخصیات کی جانب سے مبینہ استعفے کی کاپی شیئر کی جارہی ہے۔
ہائی کورٹ کے تعلقات عامہ کے افسر (پی آر او) نے صحافیوں کو بتایا کہ ’مختلف چینلز اور سوشل میڈیا پر سیکنڈ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاڑکانہ گل ضمیر سولنگی کے استعفے سے متعلق خبریں جعلی استعفے پر مبنی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ایسا کوئی استعفیٰ نہ ہی بھیجا گیا اور نہ ہی ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کو موصول ہوا۔‘
انہوں نے میڈیا اداروں سے ایسی رپورٹس نشر کرنے سے قبل ان کی تصدیق کرنے کی درخواست بھی کی۔