ووٹ مانگنے کیلئے آنے والے سردار کو سندھ کے نوجوانوں نے واپس کردیا
شمالی سندھ کے ضلع کندھ کوٹ ایٹ کشمور کے علاقے تنگوانی میں نوجوانوں نے ووٹ مانگنے کے لیے آنے والے علاقے کے بااثر ترین سردار سلیم جان مزاری کو واپس کردیا۔
ضلع کندھ کوٹ ایٹ کشمور کا شمار صوبے کے پسماندہ ترین اضلاع میں ہوتا ہے، جو شمالی سندھ کا آخری ضلع بھی ہے۔اس ضلع کی سرحدیں صوبہ پنجاب اور صوبہ بلوچستان سے بھی ملتی ہیں۔
اس ضلع کو قبائلی جھگڑوں کا مرکز بھی تسلیم کیا جاتا ہے، یہاں برسوں سے مختلف قبائل معمولی معمولی باتوں پر ایک دوسرے سے لڑتے جھگڑتے آئے ہیں۔
ایک ایسے ضلع میں جہاں تعلیم نہ ہونے کے برابر ہے، بدامنی کا راج ہے، بنیادی ڈھانچہ اور تعمیروترقی نہ ہونے کے برابر ہے اور جہاں سرداروں اور وڈیروں کے خلاف کسی بھی غریب کی جانب سے آواز اٹھانا تقریبا گناہ یا پھر سردار کی عزت نہ کرنے کے مترادف سمجھا جاتا ہے، وہاں چند نوجوانوں نے بااثر سردار کا راستہ روک کرانہیں کھری کھری سنادیں۔
نوجوانوں نے طویل عرصے تک غائب رہنے اور نئے عام انتخابات قریب آنے کے بعد ووٹ مانگنے کے لیے آنے والے سردار سلیم جان مزاری کے سامنے احتجاج کرکے انہیں 10 سال تک غائب رہنے، ایوانوں میں علاقے کے لیے کچھ نہ بولنے اور علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہ کرنے پر بولنے تک نہ دیا اور انہیں واپس جانے پر مجبور کردیا۔