فٹ بال ورلڈکپ 2018 کے مقابلوں میں سوئیڈن، بیلجیم، انگلینڈ کامیاب
ورلڈ کپ فٹ بال 2018 کے پانچویں روز پہلے مقابلے میں سوئیڈن نے جنوبی کوریا کو 0-1 سے، دوسرے مقابلے میں بیلجیم کی ٹیم نے پاناما کو 0-3 کے واضح فرق سے اور انگلینڈ نے تیونس کو 2-1 سے شکست دے کر 3 قیمتی پوائنٹس اپنے نام کرلیے۔
روس میں جاری عالمی کپ کے گروپ ایف کے مقابلے میں سوئیڈن اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں جہاں سوئیڈن نے 12 سال بعد ورلڈکپ کا آغاز فتح کے ساتھ کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ہاف کا کھیل بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
سوئیڈن کے گرینکویسٹ نے دوسرے ہاف میں کھیل کے 65 ویں منٹ میں فری کک کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلادی جو کامیابی کے لیے کافی ثابت ہوئی۔
جنوبی کوریا کی جانب سے ہوانگ ہیچن کی جانب سے آخری لمحات میں گول کرنے کی کوشش کی تاہم وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکے۔
خیال رہے کہ گروپ ایف میں گزشتہ روز میکسیکو نے دفاعی چمپیئن جرمنی کو 0-1 سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا تھا جس کے بعد میکسیکو تین پوائنٹس حاصل کیے اور اب سوئیڈن بھی تین پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔
دوسرے میچ میں بیلجیم نے رومیلو لوکاکو کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاناما کو 0-3 سے شکست دے دی۔
بیلجیم کی جانب سے پہلا گول 47 ویں منٹ میں میرٹینز نے کیا جس کو لوکاکو نے دوسرے ہاف میں دوگنا اور پھر جیت کو یقینی بنا دیا۔
لوکاکو نے میچ کے 69 اور 75 ویں میں شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو نہ صرف کامیابی دلادی بلکہ پوائنٹس ٹیبل میں گروپ میں سرفہرست بھی بنا دیا۔
واضح رہے کہ بیلجیم اور پاناما کے درمیان گروپ جی کا پہلا میچ تھا جس کے بعد دوسرے میچ میں انگلینڈ نے تیونس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دے دی۔
انگلینڈ کی جانب سے دونوں گول کپتان ہیری کین نے کی جبکہ تیونس کی جانب سے ساسی نے واحد گول فری کک کے ذریعے کیا۔