پاکستان

لاہور: چیف جسٹس کا فاؤنٹین ہاؤس کا دورہ، ایک لاکھ روپے کا عطیہ

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور مریضوں میں عید کے تحائف بھی تقسیم کیے۔
|

لاہور: چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عیدالفطر کے پہلے روز فاؤنٹین ہاؤس کا دورہ کیا۔

فاؤنٹین ہاؤس کے دورے کے موقع پر چیف جسٹس نے مریضوں میں تحائف تقسیم کیے اور ادارے کو ایک لاکھ روپے عطیے کا چیک بھی دیا۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور مریضوں کے ساتھ گھل مل گئے جبکہ مریضوں نے بھی چیف جسٹس سے مل کر خوشی کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: ’ ڈیم بنانے کے لیے اب سپریم کورٹ کردار ادا کرے گی‘

بعد ازاں چیف جسٹس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے بہت ضروری ہیں، چاہیں ہم کتنی ترقی کرلیں لیکن آگے بڑھنے کے لیے درسگاہیں ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی 5 نسلوں کا حق کھا چکے ہیں، یہ وہ 5 نسلیں ہیں، جو ابھی اس دنیا میں بھی نہیں آئیں، آئندہ کی نسلیں مقروض ہیں جنہیں قرضوں سے نجات دلانی ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے، جس پر ہمیں توجہ دینا ہوگی اور ان مسائل کو حل کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس نے ملک میں پانی کی قلت کا نوٹس لے لیا

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پانی کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے تھے کہ ہم نے پانی کی قلت کے خاتمے کا تہیہ کر لیا ہے، اب سپریم کورٹ ڈیمز بنانے سے متعلق آگے بڑھے گی اور کردار ادا کرے گی۔

چیف جسٹس نے کہا تھا کہ زندگی کے لیے سب سے زیادہ پانی کی اہمیت ہے، یہ بتائیں عدالت اس میں کیا کردار ادا کر سکتی ہے، اگر پانی نہیں تو زندگی کہاں رہے گی۔

دوران سماعت پانی کے مسئلے پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ اگر قوم سپریم کورٹ کو اختیار دے تو سپریم کورٹ اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔