پاکستان

یوم علیؓ: سندھ حکومت کا ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان

موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کرمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 144 (6) کے تحت عائد کی جائے گی، سیکریٹری داخلہ سندھ

سندھ حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے باعث ’یوم علیؓ‘ پر صوبے بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی۔

پابندی کے حوالے سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 6 جون بروز بدھ کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کرمنل پروسیجر کوڈ (سی پی سی) کی دفعہ 144 (6) کے تحت عائد کی جائے گی۔

پابندی کا نوٹی فکیشن سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد پرویز نے جاری کیا، جن کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل انسپیکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی اور ڈپٹی انسپیکٹر جنرل (ڈی آئی جی) حیدر آباد نے حکومت کو لکھے گئے اپنے خط میں سیکیورٹی خدشات کا ذکر کیا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی

اے آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی حیدر آباد نے یوم علی پر مذہبی اجتماعات اور جلوسوں میں سیکیورٹی خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے صوبائی حکومت سے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی درخواست کی تھی۔

تاہم اس پابندی کا اطلاق خواتین، 12 سال سے کم عمر بچوں، بزرگوں، صحافیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، ڈاکٹروں، فائرفائٹرز اور ریسکیو سروسز کے ملازمین پر نہیں ہوگا۔