پاکستان

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 4 سے 8 جون مقرر، الیکشن کمشنر سندھ

کاغذات نامزدگی کے بعد امیدواروں کی تشہیر بھی 8 جون 2018 کو ہوگی، ترجمان الیکشن کمیشن سندھ

سندھ کے صوبائی الیکشن کمشنر محمد یوسف خان خٹک نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2018 کے حوالے سے جاری شدہ الیکشن پروگرام میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے 4 جون سے 8 جون مقرر کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن سندھ کے ترجمان کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 4 سے 8 جون 2018مقرر کی گئی ہے اور نامزد اُمیدواروں کے ناموں کی تشہیر بھی 8 جون 2018کو ہی ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ انتخانی اصلاحات بل 2017 کے سیکشن 104کے تحت عام انتخابات 2018میں جو سیاسی پارٹیاں حصہ لیں گی وہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کیے لیے اُمیدواروں کی ترجیحی فہرست سندھ میں الیکشن کمیشن کے منتخب ریٹرننگ آفیسر محمد یوسف خان خٹک، صوبائی الیکشن کمشنر کے پاس جمع کروائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:نامزدگی فارم میں ترامیم کا معاملہ: لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل

خیال رہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خواتین اور غیرمسلموں کے لیے مخصوص نشستوں کے لیے بھی یہی طریقہ کار ہے جس کے تحت سیاسی جماعتیں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کے لیے اُمیدواروں کی ترجیحی فہرست جمع کرواسکتی ہیں جس کے بعد اسکروٹنی کے مراحل کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجیحی فہرست میں اضافی نام بھی دے سکتی ہیں۔

سپریم کورٹ کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کردیے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا ہے جس کے تحت دیگر مراحل اپنی مقررہ تاریخوں کےمطابق 31مئی 2018کو جاری نوٹیفیکیشن کے تحت برقرار رہیں گے۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے لاہور ہائی کورٹ نے ایک صحافی کی درخواست پر نامزدگی فارم میں پارلیمنٹ کی ترمیم کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو پرانے فارم بحال کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد الیکشن کے التوا کے خدشات پیدا ہوئے تھے بعد ازاں اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے الیکشن کے مراحل کو فوری جاری رکھنے کی ہدایت کردی تھی اور واضح کیا تھا کہ عام انتخابات میں التوا نہیں ہوگا۔