کھیل

لارڈز میں شکست، انگلش کوچ کی نوکری خطرے میں پڑ گئی

پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد انگلینڈ کے کوچ پر برطرفی کے سائے منڈلانے لگے۔

پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد انگلینڈ کے کوچ ٹریور بیلس کی نوکری خطرے میں پڑ گئی ہے اور ہیڈنگلے میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست کی صورت میں وہ اپنی نوکری سے محروم ہو سکتے ہیں۔

لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں فاسٹ باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے میزبان ٹیم کو 9وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی تھی۔

ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کو شاندار کامیابیوں سے ہمکنار کرانے والے بیلس ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کو یکساں فتوحات دلانے میں ناکام رہے اور یہی وجہ ہے کہ اب انہیں نوکری بچانے کا چیلنج درپیش ہے۔

لارڈز میں ناکامی انگلینڈ کی گزشتہ 10 ٹیسٹ میچوں میں 7ویں شکست تھی جس کے بعد بیلس نے اتفاق کیا ہے کہ ان کی نوکری خطرے میں پڑ گئی ہے اور ان کی ٹیم کو اگلا میچ اپنے کوچ کے لیے کھیلنا ہو گا۔

بیلس نے ٹیم کے غیر ذمے دارانہ کھیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم مستقل اپنی غلطیاں دہرا رہے ہیں، ایسا نہیں کہ ہم اچھا نہیں کھیل سکتے لیکن اب ہمیں بہتر اور مستقل مزاجی سے کھیلنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک کوچ کی حیثیت سے ہم غلطیوں کی نشاندہی کر رکے نیٹ میں اس پر کام کر سکتے ہیں اور مجھے امید ہے کہ کھلاڑی بات کو سمجھیں گے کیونکہ یہ چیزیں ہماری توقع سے زیادہ وقت لے رہی ہیں۔

انگل کوچ نے اپنی نوکری پر منڈلاتے خطرے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھ سکتا ہوں کہ مجھ سے کئی سوالات کیے جائیں گے اور اگر حکام بالا مجھے ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو مجھے یہ قبول کرنا ہو گا لیکن میں ستمبر 2019 تک اپنی نوکری جاری رکھنے کا خواہشمند ہوں۔

انگلینڈ کی ٹیم خراب کارکردگی کے بعد بھرپور واپسی کی صلاحیت رکھتی ہے اور گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف اس کا عملی مظاہرہ بھی کر چکی ہے جس کی وجہ سے انگلش کوچ کو اپنی ٹیم سے ایک مرتبہ پھر اسی کارکردگی کی امید ہے۔

بیلس نے کہا کہ ہم ماضی میں بھی یہ دیکھ چکے ہیں کہ ایک میچ میں خراب کارکردگی کے بعد اگلے میچ میں ہم نے بہترین کھیل پیش کر کے کامیابی حاصل کی، یہ ایک چیلنج ضرور ہو گا اور میں اپنی ٹیم سے امید کرتا ہوں کہ وہ گزشتہ میچ کی کارکردگی کو بھول کر اگلے میچ میں بہتر کھیل پیش کریں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ یکم جون سے کھیلا جائے گا۔