غزہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 55 فلسطینی جاں بحق، 2400 زخمی
غزہ میں احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے 55 فلسطینی جاں بحق جبکہ 2 ہزار 400 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عربی نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی سرحد سے ملحقہ علاقے غزہ پٹی پر امریکی سفارتخانے کی یروشلم ( بیت المقدس) منتقلی اور افتتاح کے خلاف فلسطینی احتجاج کر رہے تھے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے ان پر فائرنگ کی گئی اور آنسو گیس کے شیل فائر کیے گئے۔
خیال رہے کہ پیر کی صبح سے فلسطینی غزہ پٹی پر احتجاج کر رہے تھے جبکہ یہ احتجاج ’ گریٹ مارچ آف ریٹرن‘ تحریک کا حصہ تھا جبکہ اس احتجاجی ریلی میں شرکت کرنے کے لیے 10 ہزار سے زائد فلسطینی غزہ پٹی پر پہنچے تھے۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ بیت المقدس: امریکی سفارتخانے کے افتتاح کے موقع پر حالات کشیدہ
واضح رہے کہ 30 مارچ سے شروع ہونے والے احتجاج میں اسرائیلی فوج نے اب تک 80 سے زائد فلسطینیوں کو جاں بحق کیا جاچکا جبکہ 9 ہزار 400 سے زائد زخمی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی فائرنگ پر وزارت صحت کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد جاں بحق اور 918 زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر کی عمریں 18 سال سے کم ہیں۔