پاکستان

ممبئی حملوں پر میڈیا بیان پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب، آئی ایس پی آر

میڈیا میں ممبئی حملوں کے حوالے سے چلنے والی گمراہ کن بیانات پر مشاورت کے لیے تجویز دی گئی تھی، میجرجنرل آصف غفور

پاک فوج کی ‘تجویز’ پر ممبئی حملوں کے حوالے سے میڈیا میں 'گمراہ کن' بیانات پر مشاورت کے لیے پیر کو قومی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹر میں جاری بیان میں کہا ہے کہ ‘میڈیا میں ممبئی حملوں کے حوالے سے چلنے والے گمراہ کن بیان پر مشاورت کے لیے وزیراعظم (شاہد خاقان عباسی) کی صدارت میں کل صبح قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی تجویز دی گئی تھی’۔

میجرجنرل آصف غفور کی جانب سے کسی میڈیا کے بیان کا نام نہیں لیا گیا ہے تاہم یہ تجویز سابق وزیراعظم نواز شریف کے ڈان کو ایک انٹرویو میں ممبئی حملوں پر دیے گئے بیان پر میڈیا میں ایک نیا تنازع کھڑا ہوا ہے۔

یاد رہے کہ نواز شریف نے ممبئی حملوں پر راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دائر مقدمے کے حوالے سے کہا تھا کہ اس مقدمے کی کارروائی ابھی تک مکمل کیوں نہیں ہوسکی؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ عسکری تنظیمیں اب تک متحرک ہیں جنھیں غیر ریاستی عناصر کہا جاتا ہے، مجھے سمجھائیں کہ کیا ہمیں ان کو اس بات کی اجازت دینی چاہیے کہ سرحد پار جا کر ممبئی میں 150 لوگوں کو قتل کردیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل ناقابل قبول ہے یہی وجہ ہے جس کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا ہے، یہ بات روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور چینی صدر ژی جنگ نے بھی کہی۔

سابق وزیراعظم نے خارجہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے اپنے آپ کو تنہا کرلیا ہے، ہماری قربانیوں کے باوجود ہمارا موقف تسلیم نہیں کیا جارہا، افغانستان کا موقف سنا جاتا ہے لیکن ہمارا نہیں، اس معاملے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

نواز شریف کے اس بیان پر بھارتی میڈیا نے اپنی کامیابی قرار دیا تھا جس کے بعد پاکستانی میڈیا کے کئی حلقوں میں بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دیگر حزب اختلاف کی جماعتوں نے اس بیان کو غداری سے منسوب کرتے ہوئے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔

دوسری جانب سے مسلم لیگ (ن) کے ترجمان نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی قائد کے بیان کو بھارتی میڈیا نے توڑ مروڑ کر پیش کیا اور بدقسمتی سے پاکستان الیکٹرونک اور سوشل میڈیا کے ایک حلقے نے بھارتی پروپیگنڈے کی توثیق کردی۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کی مقبول ترین قومی سیاسی جماعت ہے اور اس کے قائد کو پاکستان کی قومی سلامتی کے تحفظ اور بہتری کے لیے اپنے عزم اورصلاحیت کے حوالے سے کسی سے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف وزیراعظم تھے جنھوں نے پاکستان کی تاریخ میں تمام دباو کو برداشت کرتے ہوئے مئی 1998 میں ایٹمی طاقت بنانے کا قومی سلامتی کا مشکل ترین فیصلہ کیا۔