کھیل

شاداب کی 10وکٹیں، پاکستان کی وارم اپ میچ میں 9 وکٹوں سے فتح

شاداب خان کی دس وکٹوں کی بدولت پاکستان نے دوسرے وارم اپ میچ میں نارتھیمپٹن شائر کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شاداب خان کی دس وکٹوں کی بدولت پاکستان نے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوسرے وارم اپ میچ میں نارتھیمپٹن شائر کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نارتھیمپٹن میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے دن میزبان ٹیم نے 240 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے بیٹنگ کا آغاز کیا تو سنچری بنانے والے روب نیوٹن پاکستان کی راہ میں حائل تھے۔

دن کی ابتدا میں پاکستانی باؤلرز کو وکٹ لینے میں مشکلات پیش آئیں لیکن محمد عباس اور شاداب خان نے عمدہ اسپیل کے ذریعے قومی ٹیم کی میچ میں واپسی یقینی بنائی۔

محمد عباس نے نیوٹن کی مزاحمت کا خاتمہ کر کے پاکستان کو اہم کامیابی دلائی جنہوں نے 118 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

نیوٹن کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کو حریف ٹیم کی بساط لپیٹنے میں زیادہ مشکلات پیش نہیں آئیں اور نارتھیمپٹن کی ٹیم 301 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد عباس اور شاداب نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی اننگز کی برتری کی بدولت پاکستان کو میچ میں فتح کے لیے صرف 133 رنز کا ہدف ملا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدا میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں اظہر علی کو پویلین لوٹنا پڑا۔

اس کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے حارث سہیل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے بغیر کسی نقصان کے ٹیم کو ہدف تک رسائی دلا کر فتح سے ہمکنار کرایا۔

دونوں کھلاڑیوں نے ناقابل شکست 120 رنز کی شراکت قائم کی، امام نے 59 اور حارث نے 55 رنز بنائے۔

پاکستان دورے کا باقاعدہ آغاز 11مئی کو آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سے کرے گی جو آئرش ٹیم کا پہلا ٹیسٹ میچ ہو گا۔