پاکستان

ندیم افضل چن کی پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت

میرے والدکہتے تھے عمران خان کا ساتھ دو، سیاست پی پی پی سے شروع نہیں کی اورپارٹی چھوڑنا بھی نہیں چاہتا تھا، ندیم افضل چن

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما ندیم افضل چن نے پارٹی کو الوداع کہتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔

منڈی بہاالدین کے علاقے ملک وال میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ہمرا پارٹی ورکرز سے خطاب کے دوران ندیم افضل چن نے کہا کہ میری سیاست کا آغاز پیپلز پارٹی سے نہیں ہوا تھا بلکہ میرا دادا بھی رکن قومی اسمبلی تھا اور خاندان کے دیگر افراد بھی اسمبلی کے 5 سے 6 مرتبہ رکن اسمبلی رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے نظریے سے زیادہ عوام پیارے ہیں، میری سیاست کا آغاز پیپلز پارٹی سے نہیں ہوا تھا۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو چھوڑنا بھی نہیں چاہتا تھا، پنجاب کبھی پیپلز پارٹی کا قلعہ تھا لیکن اس پر نواز شریف نے قبضہ کیا اور میں بلاول بھٹو کو کہتا تھا کہ اپوزیشن کریں۔

انھوں نے کہا کہ ہسپتالوں اور کسانوں کی حالت دیکھ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوا۔

پی پی پی کے سابق رہنما کا کہنا تھا کہ ضیاالحق کے دور میں کوڑے کھانے والے کارکنان اور جیلوں میں جانے کے نظریے کا نام شرجیل میمن ہے تو میرے والد سے سیاست میں آتے وقت جو وعدہ کیا تھا اس لیے اگر اس نظریے کا نام شرجیل میمن ہے تو میں معافی چاہتا ہوں لیکن اگر نظریہ بھٹو تھا تو میں کل بھی بھٹو والا تھا اور آج بھی بھٹو والا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:سینیٹ انتخابات: ’ایک ٹکٹ کیلئے 45 کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی‘

ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ میرے والد کہتے تھے کہ بیٹا عمران خان کا ساتھ دو۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف کو عمران خان کے علاوہ کوئی ایکسپوز نہیں کرسکتا ہے اور اگر بینظیر بھٹو اور ذوالفقار بھٹو کے خواب عمران خان پورا کررہا ہے تو ندیم افضل چن غیر مشروط عمران خان کا سپاہی بن کر کام کرے گا۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ ندیم افضل چن ندیم کی تحریک انصاف میں شمولیت سے پوری پارٹی خوش ہوئی۔

یاد رہے کہ ندیم افضل چن نے 19 اپریل کو بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی تھی جہاں انھوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا۔

ندیم افضل چن کی عمران خان سے ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سینئر رہنما جہانگیر ترین اور شمالی پنجاب کے صدر عامر کیانی بھی موجود تھے۔

ندیم افضل چن نے کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے عمران خان کو 25 اپریل کو پیر مکو میں اپنی رہائش گاہ آنے کی دعوت دی تھی۔

خیال رہے کہ ندیم افضل چن کے بھائی نے گزشتہ برس پی ٹی آئی میں شمولیت کی تھی جس کے بعد ندیم افضل چن نے پی پی پی پنجاب کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تاہم اس وقت انھوں نے پی پی پی چھوڑنے کے تاثر کو رد کردیا تھا۔