کامن ویلتھ گیمز: پاکستان اور بھارت کا ہاکی میچ 2-2 گول سے برابر
کوئنزلینڈ: آسٹریلیا میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2018 کے دوران ہاکی کے مقابلوں میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔
کامن ویلتھ گیمز میں ہاکی کے مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ آخری لمحات تک سنسنی خیز رہا۔
کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی مقابلوں میں راویتی حریف بھارت اور پاکستان کی ہاکی ٹیمیں راونڈ میچ میں آمنے سامنے تھیں۔
بھارت کے دل پریت سنگھ نے پہلے ہی کوارٹر میں گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ دوسرے کوارٹر میں ہرمن پریت سنگھ نے بھارت کی برتری کو مزید ایک گول کر کے مستحکم کر دیا اور بھارت نے پاکستان کے خلاف دو صفر کی برتری حاصل کر لی۔
تاہم تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کیا اور بھارتی گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملوں میں عرفان جونئیر نے پاکستان کی جانب سے پہلا گول اسکور کیا۔
مزید پڑھیں: دولت مشترکہ گیمز: ہاکی مقابلوں میں پاک-بھارت روایتی حریف آمنے سامنے
جبکہ چوتھے اور آخری کوارٹر کے اختتامی لمحات میں مبشر علی نے پینالٹی کارنر پر پاکستان کی جانب سے دوسرا گول داغ کر مقابلے کو برابر کردیا۔
خیال رہے کہ بھارت کے خلاف مسلسل 7 میچز میں شکست کے بعد پاکستان کامن ویلتھ گیم میں مقابلہ برابر کرنے میں کامیاب ہوا۔
گزشتہ روز بھارتی ہاکی ٹیم کے کوچ جیرڈ میرین کا کہنا تھا کہ ان کی توجہ بٹ نہیں جائے گی اور کل کے میچ کو دیگر مقابلوں کی طرح لے رہے ہیں۔
نیدر لینڈز سے تعلق رکھنے والے بھارتی کوچ نے کہا کہ 'میں پاکستان کے خلاف اپنے اولین میچ سے قبل ٹیم کو کہہ چکا ہوں کہ یہ معمول کا میچ ہے اور ہم اس کو معمول کے مطابق لے رہے ہیں بجائے ایک میچ پر توجہ مرکوز کرنے کے ہماری نظر پورے ٹورنامنٹ پر ہے'۔
جیرڈ میرین کے ہم وطن سابق بھارتی کوچ رولینٹ اولٹمینز اس وقت پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کررہے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ پاک-بھارت میچ میں تمام تکنیک اور میچ سے قبل کی گئی تیاریاں دھری رہ جاتی ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ 'ان میچوں میں ہر ٹیم تمام طریقہ کار کو بھول کر نتیجے کا سوچتی ہے'۔
یہ بھی پڑھیں: کامن ویلتھ گیمز: طلحہ طالب نے پاکستان کو پہلا میڈل دلا دیا
دوسری جانب پاکستان کے محمد توثیق نے بھارتی کوچ میرین کے خیالات سے اتفاق کیا کہ کھلاڑیوں کو میدان میں تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے لیکن وہ تسلیم کررہے ہیں کہ ایسا بہت کم ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'یہ میچ دیکھنے والے لاکھوں شائقین کے لیے اہم ہے اور دونوں ٹیموں کے جذباتی شائقین چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم جیتے'۔
محمد توثیق نے کہا کہ 'بحیثیت کھلاڑی ہمیں میدان میں پرسکون ہونا چاہیے لیکن بعض اوقات ہم ایسا نہیں کرپاتے تاہم مجھے یقین ہے کہ اس مرتبہ بھی چیزیں مختلف ہوں گی جس طرح پاکستان اور بھارت ہمیشہ کھیلتے رہے ہیں'۔