پشاور زلمی نے ثابت کر دیا کہ وہ ابھی زندہ ہیں
دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے لیے پاکستان سپر لیگ کا تیسرا سیزن اب تک بہت نشیب و فراز کا حامل رہا ہے۔ پہلے مقابلے میں کراری شکست کھانے سے لے کر اپنے آخری میچ میں کراچی کنگز کے خلاف ایک جامع کامیابی تک، سیمی الیون نے بہت سرد و گرم سہہ لیے ہیں۔
اب سب کی نظریں ہیں اُن کے اگلے مقابلے پر کہ جہاں وہ لاہور قلندرز کا سامنا کریں گے۔ مسلسل 3 کامیابیوں کے ذریعے قلندرز کئی ٹیموں کی پیشرفت خراب کرچکے ہیں اور وہ ضرور چاہیں گے کہ جاتے جاتے دفاعی چیمپیئن کے رنگ میں بھی بھنگ ڈال جائیں۔
پشاور زلمی بلاشبہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے سیزن سے اب تک مقبول ترین ٹیم ہے۔ یہاں تک کہ تیسرے سیزن میں شاہد آفریدی کی کراچی کنگز منتقلی سے بھی زلمی کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ لیکن ابتداء ہی سے اہم کھلاڑیوں سے محرومی، درمیان میں کپتان کے زخمی ہونے سے لے کر اب جبکہ کئی ٹیموں کو بہترین کھلاڑیوں کی صورت میں تازہ خون ملا ہے، لیکن پشاور اس سے محروم ہے۔
مگر اتنی اونچ نیچ کے باوجود کراچی کنگز کے خلاف مقابلے نے اُمیدوں کے چراغ روشن کردیے ہیں۔
پشاور زلمی سیزن کے افتتاحی مقابلے میں ملتان سلطانز کے خلاف 152 رنز کا دفاع بھی نہیں کر پایا تھا البتہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 176 رنز بنا کر ایک شاندار کامیابی ضرور حاصل کی۔ کراچی کنگز کے خلاف راؤنڈ رابن مرحلے کے پہلے مقابلے میں شکست کھائی لیکن ایک یادگار مقابلے میں کپتان ڈیرن سیمی نے انہیں اپنے روایتی حریف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کامیابی دلائی۔
پھر لاہور قلندرز کو شکست دے کر پشاور نے اپنے امکانات کافی بڑھا لیے تھے لیکن پھر بُرا وقت آن پہنچا۔ یکے بعد دیگرے ملتان، اسلام آباد اور کوئٹہ کے ہاتھوں شکستوں نے پشاور کو بے حال کردیا۔ ٹی ٹوئنٹی جیسے تیز کھیل میں جہاں ایک سے دو اوور ہی حالات کا نقشہ بدلنے کے لیے کافی ہوتے ہیں، وہاں مسلسل 3 شکستیں کسی کو بھی باہر کرسکتی ہیں۔ اس صورت حال میں کراچی کے خلاف شکست پشاور کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا سکتی تھی لیکن زلمی نے اوسان بحال رکھے اور ایک جاندار پرفارمنس دے کر اپنی مہم کو دوبارہ زندہ کردیا ہے۔
کراچی کے خلاف مقابلے کی خاص بات تھی کامران اکمل کی طوفانی اننگز، جو اس میچ میں وکٹ کیپر نہیں بلکہ صرف بلّے باز کی حیثیت سے کھیلے تھے۔ 51 گیندوں پر 75 رنز کی اننگز میں وہ سب کچھ تھا، جس کی پشاوریوں کو ’کامی‘ سے توقع تھی۔ 6 چھکے، 3 چوکے اور کراچی کی اسپن طاقت کے خلاف تابڑ توڑ حملے۔
پڑھیے: پشاور زلمی، بروقت رفتار پکڑتے ہوئے!
13ویں اوور تک تو ایسا کچھ خاص نہیں تھا لیکن شاہد آفریدی کے ایک ہی اوور نے کھیل کا جھکاؤ پشاور کی طرف کرنا شروع کردیا۔ 82 رنز پر پشاور کے 3 کھلاڑی آؤٹ تھے جب کامران اکمل نے سب سے خطرناک باؤلر شاہد آفریدی کو آڑے ہاتھوں لینے کا فیصلہ کیا اور 14ویں اوور کی پہلی دونوں گیندیں چھکے کے لیے روانہ کردیں۔
ان کو دیکھ کر دوسرے کنارے پر کھڑے سعد نسیم نے بھی حوصلہ پکڑا اور آخری گیند پر انہوں نے بھی چھکا رسید کردیا، یوں ’لالا‘ کے ایک اوور میں 21 رنز ملے۔ اگلے اوور میں بھی کامران نے ایک چھکا مزید لگایا اور مزید کی کوشش میں عثمان شنواری کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ لیکن جس گیئر میں وہ اننگز کو ڈال گئے تھے، اس کے مطابق پشاور آخر تک رنز بناتا رہا۔
آخری 7 اوورز میں پشاور نے اسکور میں 99 رنز کا اضافہ کیا جس میں محمد عرفان جونیئر کے ایک اوور میں لگائے گئے 28 رنز بھی شامل تھے۔ سیمی نے انہیں مسلسل 3 گیندوں پر 3 چھکے لگائے تھے۔ سعد نسیم نے بھی بہت عمدہ کھیل پیش کیا، انہوں نے محمد عامر جیسے باؤلر کو مسلسل 3 گیندوں پر چوکے لگائے اور میچ کے لیے اپنے انتخاب کو درست ثابت کر دکھایا۔