پاکستان

خیبر پختونخوا میں 15 خواجہ سراؤں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری

حکومت کے اس عمل سے خواجہ سراؤں کو ٹیکسی چلا کر باعزت روزگار کمانے کا موقع ملے گا،صدر خواجہ سرا ایسوسی ایشن

صوبہ خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی حکومت نے 15 خواجہ سراؤں کو ڈرائیونگ لائسنسز جاری کرد یئے۔

خواجہ سراؤں کو لائسنسز پشاور میں منعقدہ تقریب میں جاری کیے گئے، سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ٹریفک یاسر خان آفریدی نے خواجہ سراؤں میں لائسنس تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کے دوران یاسر خان آفریدی نے شرکاء کو بتایا کہ 300 خواجہ سراؤں نے ڈرائیونگ لائسنسز کی درخواست دی تھی، جن میں سے پہلے مرحلے میں 15 خواجہ سراؤں کو لائسنس کا اجراء کیا گیا، جبکہ دیگر مرحلہ وار لائسنسز جاری کر دیئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: والدین سےلاعلم خواجہ سراؤں کی رجسٹریشن کیلئےنادرا پالیسی اپ گریڈ

خیبر پختونخوا میں پہلی بار خواجہ سراؤں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری ہونے کے بعد ایسوسی ایشن کی صدر فرزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کے اس عمل سے خواجہ سراؤں کو ٹیکسی چلا کر باعزت روزگار کمانے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی برادری کے بیشتر اراکین رقص کرکے پیسے کمانے کے بجائے دیگر شعبوں میں محنت کرکے روزگار کمانا چاہتے ہیں۔