پاکستان

’ دل دیاں گلاں، کراں گے نال نال بیہ کے‘

پاکستان کا 12 سالہ لڑکا عاطف اسلم کا گانا گانے کے بعد سوشل میڈیا پر مقبول ہوگیا۔

پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کے گزشتہ برس ریلیز ہونے والے گانے ’دل دیاں گلاں‘ نے تو پہلے ہی دھوم مچادی تھی۔

تاہم اب عاطف اسلم کے اسی گانے کو گانے والے ایک 12 سالہ بچے کی دنیا بھر میں دھوم ہے، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ عرشمان نعیم دیکھتے ہی دیکھتے اچانک اس وقت لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے، جب انہوں نے گزشتہ ماہ 25 فروری کو عاطف اسلم کے گائے گئے گانے کی ویڈیو فیس بک پر شیئر کی۔

اگرچہ عاطف اسلم کی آواز میں ’دل دیاں گلاں‘ بیک وقت کئی بار سننے کے بعد بھی دل ہی نہیں بھرتا، تاہم عرشمان نعیم کی آواز میں بھی یہی گانا بار بار سننے کو دل کرتا ہے۔

عرشمان نعیم کی جانب سے 25 فروری کو فیس بک پر شیئر کی گئی ویڈیو کو اب تک 2 لاکھ 40 ہزار بار دیکھا جاچکا ہے۔

اگرچہ عرشمان نعیم کی فیس بک پر عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان سمیت دیگر گلوکاروں کے گانے بھی موجود ہیں، تاہم ان کے اسی گانے کو سب سے زیادہ دیکھا اور شیئر کیا گیا۔

عرشمان نعیم کی سریلی آواز میں یہ گانا نہ صرف لاکھوں بار دیکھا گیا، بلکہ کئی افراد نے اس ڈاؤن لوڈ کرکے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی شیئر کیا اور یوں دیکھتے ہی دیکھتے عرشمان نعیم سوشل سلیبرٹی بن گئے۔

عرشمان نعیم نے اپنے گانوں کو اپ لوڈ کرنے کے لیے یوٹیوب پر اپنا اکاؤنٹ بھی بنا رکھا ہے، جہاں ان کی متعدد ویڈیوز موجود ہیں۔

عرشمان نعیم نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مارننگ شو’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران بتایا کہ انہیں گانے گانے کا شوق ان کے والد اور بڑے بہن بھائیوں کو نعتیں گاتے دیکھ کر ہوا۔

عرشمان نعیم کا کہنا تھا اگرچہ انہوں نے شروعات نعتیں گانے سے کی، تاہم اب وہ پاکستانی گلوکاروں کے مقبول گیت بھی گاتے ہیں اور انہیں ہر جگہ پذیرائی مل رہی ہے۔

—فوٹو: عرشمان فیس بک

چھٹی کلاس کے طالب علم عرشمان نعیم نے انکشاف کیا کہ عاطف اسلم اور ایریجیت سنگھ ان کے پسندیدہ گلوکار ہیں۔

عرشمان نعیم نے بتایا کہ انہیں اسکول میں کلاس فیلو اور استاد ہمیشہ ان سے گانا سنانے کی فرمائش کرتے ہیں۔

—فوٹو: عرشمان فیس بک

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے گانے کی تربیت کسی سے نہیں لی، بلکہ یہ ان کی سریلی آواز انہیں قدرت کی طرف سے ملنے والا خوبصورت تحفہ ہے۔

واضح رہے کہ عاطف اسلم کا گانا ’دل دیاں گلاں‘ دسمبر 2017 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں بھی شامل ہے۔

اس گانے کی فلم کی ویڈیو کو اب تک ساڑھے تین کروڑ کے قریب بار دیکھا جا چکا ہے، اس کی شاعری ارشاد کامل نے لکھی ہے، جب کہ اس کی موسیقی وشال اور شیکھر نے ترتیب دی۔