پاکستان

پرویز مشرف مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو متحد کرنے کیلئے پُر عزم

مسلم لیگ کےتمام دھڑے متحد ہوں گے، متحدہ ’مسلم لیگ‘ پوری قوت کے ساتھ 2018 کے انتخابات میں حصہ لے گی، سابق صدر پرویز مشرف

سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے چیئرمین جنرل (ر) پرویز مشرف نے عہد کیا کہ وہ مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو یکجا کریں گے جو پاکستان کی تیسری سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر ’نئے پاکستان‘ کی تعمیر کریں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جلسہ عام سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ وہ جلد پاکستان واپس آئیں گے اور متحدہ مسلم لیگ کی قیادت کریں گے۔

جنرل (ر) پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ 2018 میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ کے تمام دھڑے متحد ہوجائیں گے اور ایک متحدہ ’مسلم لیگ‘ پوری قوت کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی۔

مزید پڑھیں: پرویز مشرف کا ایم کیو ایم،پی ایس پی کے اتحاد پر خوشی کا اظہار

جلسہ عام کے آغاز سے قبل اے پی ایم ایل کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی نے ڈاکٹر محمد امجد کو پارٹی کا نیا صدر جبکہ مہرین ملک آدم کو پارٹی کا سیکریٹری جنرل نامزد کیا۔

بعدِ ازاں پارٹی کی جنرل باڈی نے بھی دونوں رہنماؤں کی اس نامزدگی کی تائید کی۔

سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف نے دعویٰ کیا کہ اے پی ایم ایل کی جڑیں پاکستان میں موجود ہیں اور تمام شہری صنفی، زبان اور نسل کی تفریق کے بغیر ان کی پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حافظ سعید سے بھی سیاسی اتحاد ممکن: پرویز مشرف

سابق صدر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ 1999 سے 2008 تک ان کے دورِ حکومت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا تاہم گزشتہ دس سال میں ملک میں کوئی ترقی دیکھنے میں نہیں آئی۔

جنرل (ر) پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سال سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والے لٹیروں اور چوروں سے نجات دلانے کے لیے مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے پی ایم ایل کے صدر ڈاکٹر محمد امجد کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے اس کامیاب جلسے سے ہونے والا طاقت کا مظاہرہ ان کے مخالفین کے لیے ایک سخت پیغام ہے۔


یہ خبر 12 فروری 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی