’مارک زکربرگ کو 2 ارب افراد کو کنٹرول کرنے کا تجربہ ہے‘
دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک میں بطور ’پولسٹر‘ یعنی رائے شمار کرنے والے عہدیدار کی حیثیت سے کام کرنے والے ایک سابق ملازم نے کہا ہے کہ ’مارک زکربرگ دنیا کا وہ واحد بے مثال شخص ہے، جس کا دنیا کے 2 ارب افراد کو مکمل کنٹرول کرنے کا تجربہ ہے‘۔
فیس بک کے سابق پولسٹر نے نوکری چھوڑنے کے بعد کہا ہے کہ مارک زکربرگ جہاں دنیا کے 2 ارب انسانوں کو کنٹرول کرنے میں اختیار رکھتے ہیں، وہیں وہ امریکی افراد کو ہرطرح سے کنٹرول کرنے کا تجربہ بھی رکھتے ہیں، اور یہ کام انتہائی بےمثال ہے۔
فیس بک کے سابق عہدیدار کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے، جب فیس بک اپنے نیوز فیڈ میں تبدیلی لانے سمیت ویب سائٹ پر جعلی خبروں کی روک تھام کی کوششیں کر رہا ہے۔
ٹیکنالوجی نشریاتی ادارے ’دی ورج‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فیس بک کے سابق پولسٹر ٹیوس میکگن کا کہنا تھا کہ انہیں صرف اور صرف مارک زکربرگ اور ویب سائٹ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) شرل سینڈبرگ سے متعلق لوگوں کے خیالات جاننے اور ان سے متعلق رائے شماری کرنے کی ذمہ داریاں دی گئی تھیں۔