پاکستان

کوئٹہ: نیب نے غبن کے الزام میں رکنِ صوبائی اسمبلی کو گرفتار کرلیا

میراظہارحسین کھوسو مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر2013میں بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی27جعفرآباد سے رکن اسمبلی منتخب ہوئےتھے۔

کوئٹہ: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور بلوچستان کے سابق وزیر خوراک میر اظہار حسین کھوسو کو غبن کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

میر اظہار حسین کھوسو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر 2013 کے عام انتخابات میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی بی 27 جعفرآباد سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: ریکارڈ میں ردوبدل کرنے والے 890 ملازمین کا انکشاف

نیب ذرائع کے مطابق میر اظہار حسین کھوسو پر قومی خزانے کو 28 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے قواعد و ضوابط اور میرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سریاب روڈ پر واقع سرکاری فوڈ اسٹور میں گریڈ 6 میں ایک شخص کو بھرتی کروایا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ اسٹور سے بعد میں 100 کلوگرام وزن گندم کے 65 ہزار بوریاں غائب ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا نیب بلوچستان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار

میر اظہار حسین کھوسو کو نیب کے ریجنل ہیڈ کوارٹر میں تفتیش کے لیے لے جایا گیا، تاہم نیب حکام انہیں کل احتساب عدالت میں پیش کریں گے جہاں ملزم کا ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے استدعا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کے بعد جب نواب ثناء اللہ زہری وزارت عظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہوئے تو میر اظہار حسین کھوسو کو بھی کابینہ سے نکال دیا گیا تھا۔