پاکستان

پنجگور: بم دھماکا سے ایک جاں بحق، 7 افراد زخمی

دھماکا پنجگور کے پرہجوم علاقے میں ہوا جہاں 8 راہگیر زخمی ہوئے تھے تاہم ایک زخمی دم توڑ گیا، پولیس
|

بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے چٹکان میں سڑک کنارے بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور سات دیگر افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس افسر افضل بلیدی کا کہنا تھا کہ بم کو پنجگور میں ایک پرہجوم علاقے میں ایک کچرے کے ڈبے میں نصب کیا گیا تھا جس کو ریموٹ سے اڑا دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 8 راہگیر زخمی ہوگئے تھے جن میں سے ایک بعد ازاں دم توڑ گیا جبکہ دو کی حالت تشویش ناک ہے۔

مزید پڑھیں:بلوچستان: پاک-افغان سرحدی علاقے میں دو گروہوں میں تصادم، 8 افراد ہلاک

پولیس کا کہنا تھا کہ نامعلوم شرپسندوں نے قبائلی رہنما کو نشانہ بنانے کے لیے بم نصب کیا تھا تاہم وہ بچ گئے لیکن ان کا بھائی مارا گیا اور دیگر زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور تفتیش کا آغاز کردیا۔

دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔

یاد ہے کہ گزشتہ روز پنجگور میں ہی ایک مکان میں ہونے والے دھماکے میں ماں اور بیٹی جاں بحق ہوئی تھیں اور بیٹا زخمی ہوگیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ضلع پنجگور کے علاقے ٹسپ میں گھر کے باہر دھماکا ہوا تھا۔

کمشنر مکران ڈویژن بشیر بنگلزئی نے کہا تھا کہ یہ دھماکا دستی بم کا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے آگاہ کیا کہ لڑکے کو گھر کے باہر سے ایک ہینڈ گرینیڈ ملا تھا جو گھر میں کھیل کے دوران دھماکے سے پھٹ گیا اور اس کے نتیجے میں ماں اور بیٹی ہلاک ہوگئیں۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چاغی میں پاک افغان سرحدی علاقے برچہ کے قریب دو گروہوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔