پاکستان

بہاولنگر اور گورکھ ہل میں ٹریفک حادثات، 5 افراد ہلاک

بہاولنگر میں حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، موقع پر موجود مشتعل افراد نے بس کو آگ لگا دی۔

بہاولنگر میں ہارون آباد روڈ کے قریب تیز رفتار بس نے کار کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ دادو میں بھی سیاحوں کی گاڑی الٹنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ہارون آباد روڈ پر تیز رفتار بس نے گاڑی کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار5 افراد میں سے 4 موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک زخی ہوگیا، جس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

جائے حادثہ پر موجود مشتعل افراد نے بس کو آگ لگادی۔

مزید پڑھیں: سیہون: انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثہ، 5 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق

پولیس اور ریسکیو ذرائع نے موقع پر پہنچ کر کار کے اندر سے لاشوں کو نکالا اور مقامی ہسپتال منتقل کردیا، تاہم موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بس ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

دوسری جانب دادو کے قریب ایک سیاحتی مقام گورکھ ہل جانے والی سیاحوں کی گاڑی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انڈس ہائی وے پر سن کے قریب دو مسافر کوچوں اور وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 خواتین اور 5 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سپر ہائی پر ٹریفک حادثہ، 8 افراد ہلاک

یہ حادثہ بھی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا اور لاڑکانہ سے آنے والی مسافر کوچ نے گاڑی کو روند ڈالا تھا۔

حادثے میں ہلاک ہونے والے کراچی کے رہائشی تھی جبکہ ان کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

اس سے قبل بھی تیز رفتاری کے باعث حادثات پیش آتے رہیں ہیں، جس میں متعدد افراد اپنی جانیں گنوا چکیں ہیں۔