کیا آپ خود پسند یا گھمنڈی افراد کی یہ نشانیاں جانتے ہیں؟
اپنی شخصیت تو ہر انسان کو پسند ہوتی ہے مگر کچھ ایسے ہوتے ہیں جو دیوانگی کی حد تک اپنے آپ سے محبت کرتے ہیں۔
ایسے افراد کو خود پسند، مغرور، گھمنڈی اور نرگسیت پسند سمیت متعدد الفاظ سے پکارا جاتا ہے اور آپ کے ارگرد بھی ایسے لوگ ہوسکتے ہیں جو گفتگو کے دوران ہر موضوع کو اپنی ذات کی جانب موڑ دیتے ہوں، ایسا رشتے دار جو اپنے سامنے کسی کو کچھ نہ سمجھتا ہو یا دفتری ساتھی جو ہر وقت اپنی ہی تعریفوں کے پل باندھتا رہتا ہو۔
مگر کئی مرتبہ خود پسندی کی علامات کچھ ہٹ کر ہوتی ہیں اور وہ ویسی نہیں ہوتیں جیسا عام افراد کا خیال ہوتا ہے۔
ان درج ذیل عادات کو دیکھیں اور بتائیں کہ آپ کے ارگرد کتنے افراد میں ہے یا کہیں آپ کے اندر ہی تو نہیں۔
پہلی نظر میں پسندیدہ شخصیت کے حامل لگے
خودپسند افراد کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ پہلا تاثر بہت اچھا چھوڑ یں، لوگ انہیں کرشماتی شخصیت کا مالک سمجھیں اور یہی وجہ ہے کہ ملازمت کے انٹرویو میں ایسے افراد کی کارکردگی بہت اچھی ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اکثر ایسا ہوتا ہے کہ کسی خودپسند فرد کی شخصیت شروع میں تو بہت مثبت لگتی ہے مگر وقت گزرنے کے ساتھ وہ منفی ہونے لگتی ہے اور لوگ حیران رہ جاتے ہیں کہ 'میرا جاننے والا ایسا فرد تھا جو اب میرے ساتھ ایسا سلوک کررہا ہے'۔