پاکستان

قراقرم ہائی وے پر گاڑی کو حادثہ، 3 فوجی اہلکار جاں بحق

گلگت سے راولپنڈی جانے والی فوجی گاڑی پتان کے علاقے میں گہری کھائی میں جاگری، مقامی پولیس
|

شانگلہ: قراقرم ہائی وے پر پتان کے علاقے میں گاڑی کو پیش آنے والے حادثے میں 3 فوجی اہلکار جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔

فوجی اہلکار کئی روز بعد چھٹیاں منانے اپنے گھروں کو جارہے تھے۔

مقامی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ گلگت سے راولپنڈی جانے والی گاڑی پتان کے علاقے میں گہری کھائی میں جاگری، جس سے گاڑی میں سوار 3 فوجی اہلکار جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مقامی افراد اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے اہلکاروں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا اور لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر بِشام کے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال (ٹی ایچ کیو) منتقل کیا۔

ہسپتال میں ڈاکٹروں نے تین جوانوں کو مردہ قرار دیا جبکہ دونوں زخمیوں کو بعد ازاں ایبٹ آباد کے ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک ہے، جبکہ جاں بحق ہونے والے فوجی جوانوں کی لاشوں کو ایف ڈبلیو او کی ایمبولینسز کے ذریعے راولپنڈی میں ان کے آبائی علاقوں کو بھیج دیا گیا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں بھی سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں پاک فوج کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوئے تھے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) نوشہرو فیروز عمران قریشی نے کہا کہ فوجی گاڑی کو حادثہ نیشنل ہائی وے پر سادھوجا تھانے کی حدود میں پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فوجی قافلہ کچے کے علاقے سے گزر رہا تھا کہ اس دوران خطرناک موڑ کاٹنے کے دوران فوجی ٹرک کی پچھلی جانب بیٹھے ہوئے اہلکار گر گئے۔