یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت نہ ماننے کی وجوہات
خود اسرائیل کی ریاست کو دنیا کے متعدد ممالک تسلیم نہیں کرتے، جب کہ اقوام متحدہ بیت المقدس کو خودمختار شہر قرار دے چکی
بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت کیوں تسلیم نہیں کیا جاسکتا؟
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 6 دسمبر کو دنیا کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک بیت المقدس (یروشلم) کو کئی ممالک کی جانب سے غیر تسلیم شدہ ریاست اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرکے ایک نئے تنازع کا آغاز کردیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ہی ماضی کے امریکی صدور کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایسا فیصلہ کردکھایا جو صرف وہی کرسکتے ہیں۔
امریکا کے اس متنازع فیصلے پر جہاں عرب و مسلم ممالک کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا، وہیں کئی غیر مسلم ممالک یہاں تک کے امریکا کے انتہائی اہم اتحادی ممالک کی جانب سے بھی اس کی مذمت کی گئی۔
حیران کن بات یہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کی مذمت برطانیہ نے بھی کی، جس نے اسرائیل جیسے ملک کو دنیا میں آباد کرنے کا آغاز کیا۔