’مثبت رویے کے باوجود افغان سرزمین سے دہشت گردی جاری‘
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کے مثبت رویے کے باوجود سے سرحد پار سے دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹل نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں عسکری رہنماؤں نے افغانستان کے حوالے سے علاقائی سیکیورٹی، پاک افغان بارڈر منیجمنٹ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
آرمی چیف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے لیے کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ اہم ہے اور پاکستان نے اس کے لیے تمام رکاوٹوں کے باوجود بہترین کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی پاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مثبت رویے کے باوجود افغانستان سے سرحد پار دہشت گردی جاری ہے۔
واضح رہے کہ آرمی چیف کی جانب سے یہ بیان چند روز قبل افغان سرزمین سے باجوڑ ایجنسی کے سرحدی علاقے میں پاکستانی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سامنے آیا، جس میں 2 فوجی جوان شہید اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ جنرل جوزف ووٹل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا اور پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کی۔