پاکستان

’مریم نواز نے انتہائی مشکل وقت میں مسلم لیگ کی قیادت سنبھالی‘

مریم نواز نے اس وقت پارٹی کی قیادت سنبھالی جب اسے شہباز شریف، چوہدری نثار اور دیگر نے دیوار سے لگا دیا تھا، اعتزاز احسن

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے سینیٹر بیرسٹر اعتزاز احسن نے سپریم کورٹ کے پاناما کیس پر دیئے جانے والے فیصلے کی روشنی میں نواز شریف کے وزیراعظم کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) میں پیدا ہونے والے اس تاثر کو مسترد کیا کہ سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے پارٹی کی ساکھ کو متاثر کیا۔

لاہور میں قائم سپریم کورٹ رجسٹری میں اعتزاز احسن نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں مریم نواز آگے بڑھ کر کام کیا‘۔

پی پی پی رہنما نے زور دیا کہ مریم نواز نے انتہائی مشکل وقت میں مسلم لیگ کی قیادت سنبھالی۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ کا شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ ’اگر میں مسلم لیگ (ن) کا رکن ہوتا تو میں یہ کہتا کہ مریم نواز نے اس وقت پارٹی کی قیادت سنبھالی جب اسے شہباز شریف، چوہدری نثار اور دیگر نے دیوار سے لگا دیا تھا‘۔

انہوں نے زور دیا کہ اس کے باوجود کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی مجموعی سیاست پر بہت زیادہ تنقید کرتے ہیں تاہم وہ مریم نواز کے حوالے سے اختلاف رائے نہیں رکھتے۔

بعد ازاں بہت سے ٹاک شوز میں سیاسی تجزیہ کاروں نے اعتزاز احسن کے بیان پر بات چیت کی اور بیشتر نے مریم نواز سے متعلق اعتزاز احسن کے بیان کو حیران کن قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’پارٹی کی قیادت نواز شریف ہی کریں گے‘

پی پی پی رہنما نے صحافیوں کو بتایا کہ کسی بھی سیاسی پارٹی کے لیے بھی مائنس ون فارمولا بہتر نہیں ہوتا اور زور دیا کہ اس فارمولے کو استعمال کرنے والوں کو شکست ہوگی۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے فیصلے کو سراہا کہ پارٹی کی سربراہی نواز شریف ہی کریں گے۔

اعتزاز احسن نے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی حکومت نے لاہور کے ایک لاکھ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اورنج لائن میٹرو ٹرین (او ایل ایم ٹی) منصوبے پر 235 ارب روپے خرچ کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ او ایل ایم ٹی پر خرچ کیا جانے والا بجٹ صوبہ بلوچستان کے ترقیاتی پر خرچ ہونے والی مجموعی بجٹ سے زیادہ ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے نئے چیف کی تعیناتی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر پی پی پی کے سینیٹر کا کہنا تھا کہ انہیں بیورو سے کچھ خاص اُمیدیں نہیں ہیں، لیکن کہا کہ نئے چیئرمین کی تقرری آئین کی روشنی میں کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال سخت محنت کرتے والے فرد ہیں اور وہ قانون بھی اچھے سے جانتے ہیں، انہوں نے زور دیا کہ نئے چیئرمین نیب کے پاس موقع ہے کہ وہ ثابت کریں کہ لوگوں کے احتساب میں کوئی امتیازی سلوک نہیں روا رکھا جائے گا۔


یہ رپورٹ یکم نومبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی