پاکستان

پاکستان نے 68 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا

بھارتی ماہی گیروں کو کراچی کی ملیر جیل سے رہا کیا گیا ہے، پولیس اہلکار آفاق رضوی

پاکستان نے سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارت کے 68 ماہی گیروں کو رہا کرکے واپس بھیج دیا۔

جیل پولیس کے اہلکار آفاق رضوی کا کہنا تھا کہ 'ماہی گیروں کو کراچی کی ملیر جیل سے رہا کردیا گیا جبکہ مزید 380 بھارتی ماہی گیر جیل میں موجود ہیں'۔

—فوٹو:اے ایف پی

بھارتی ماہی گیروں کو پاکستان ریلوے کے ذریعے لاہور روانہ کردیا گیا جہاں سے وہ بھارت جائیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارتی حکام بحیرہ عرب میں حدود کی واضح تقسیم نہ ہونےکےباعث سمندری حدود کی خلاف ورزی پر ماہی گریوں کو مسلسل گرفتار کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:پاکستان نے 25 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا

کشتیوں میں سرحد کے حوالے سے واضح کرنے والی ٹیکنالوجی کی عدم موجودگی بھی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی ایک اہم وجہ ہے۔

—فوٹو:اے ایف پی

ماہی گیر جیلوں میں طویل قید کے دوران دنیا سے چلے جاتے ہیں جبکہ کئی ماہی گیر اپنی سزا پوری کرلیتے ہیں لیکن وہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث رہائی سے محروم رہ جاتے ہیں اور ان کی قید مزید طویل ہوجاتی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے رواں سال جولائی میں بھارت کے 78 ماہی گیروں کو رہا کردیا تھا جنھیں سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔

دوسری جانب رواں ماہ پاکستان نے بھارت کے 25 ماہی گیروں کو مبینہ طورپر پاکستانی سمندری حدود میں غیرقانونی طور پر مچھلیوں کے شکار پر گرفتار کرلیا تھا۔