رائیونڈ: عملے کے انکار کے باعث ہسپتال کے باہر فرش پر بچے کی پیدائش
ایم ایس کےمطابق ماں اور بچہ دونوں بالکل ٹھیک ہیں،ہسپتال اورصوبائی انتظامیہ کی جانب سےواقعے کی تحقیقات کا آغازکردیا گیا۔
لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے رائیونڈ کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں ڈاکٹر کی عدم موجودگی اور عملے کی جانب سے علاج معالجے سے انکار کے باعث ایک خاتون نے ہسپتال کے باہر فرش پر بچے کو جنم دیا۔
ہسپتال کی جانب سے کی گئی ابتدائی انکوائری کے مطابق رائیونڈ کے نواحی گاؤں سے ایک خاتون سمیرہ بی بی کو زچگی کے لیے صبح سوا 6 بجے کے قریب تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال لایا گیا، تاہم ڈاکٹر موجود نہ ہونے پر عملے نے علاج معالجے سے انکار کردیا، جس کے بعد خاتون نے ساڑھے 6 بجے انتہائی تکلیف کی حالت میں ہسپتال کے باہر فرش پر بچے کو جنم دیا۔