پاکستان

’حکومت جاتی ہے تو جائے، جمہوریت نہیں جانے دیں گے‘

یہ معجزہ ہے کہ آصف زرداری جیسے لوگ بھی کرپشن اور کرپٹ لوگوں کی بات کر رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ملکی اداروں بالخصوص فوج کو بدنام کیا جارہا ہے لیکن حکومت جاتی ہے تو جائے ہم ملک سے جمہوریت کو نہیں جانے دیں گے۔

پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’نواز شریف، آصف زرداری، اسفند یار ولی، مولانا فضل الرحمٰن ملک میں کرپشن کے بادشاہ ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آج ملک میں غربت اس لیے ہے کہ ہمارے اوپر ڈاکو بیٹھے ہوئے ہیں، شاہد خاقان عباسی جیسے شریف خاندان کے درباری اورڈیزل بیچنے والے حکمراں بن گئے ہیں جبکہ بلوچستان میں محمود خان اچکزئی جیسے لوگ اور خیبر پختونخوا میں اسفند یار ولی جیسے رہنما پٹھانوں کے لیڈر بنے ہوئے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’محمود اچکزئی اور فضل الرحمٰن نے ہی پختونخوا پر بڑا ظلم کیا اور فاٹا کے انضمام کی مخالفت کی، اب شاہد خاقان عباسی کی حکومت جاتی ہے تو جائے عوام جمہوریت اور اپنے حقوق کے لیے اسلام آباد کا رخ کرے گی اور ہم جمہوریت نہیں جانے دیں گے۔‘

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ’نواز شریف ہر جلسے میں پوچھتے ہیں مجھے کیوں نکالا، پھر خود ہی کہتے ہیں کہ مجھے اقامہ کی وجہ سے نااہل قرار دیا گیا جبکہ سچ یہ ہے کہ نواز شریف، پاکستان کے 300 ارب روپے چوری کر کے بیرون ملک لے گئے اور اب اپنا پیسہ بچانے کے لیے ڈرامے کر رہے ہیں، ملکی اداروں بالخصوص فوج کو بدنام کیا جارہا ہے کیونکہ اگر انہیں سزا ہوگئی تو ان کا پیسہ ضبط کر کے پاکستان لایا جائے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ معجزہ ہے کہ آصف زرداری جیسے لوگ بھی کرپشن اور کرپٹ لوگوں کی بات کر رہے ہیں، وہ پاکستان کی سب سے بڑی بیماری ہیں اور سب سے بڑے ڈاکو ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سابق صدر اور ان کی بہن فریال تالپور نے مجھ پر ایک، ایک ارب روپے کا ہرجانہ کیا ہوا ہے کیونکہ میں ان کی عزت نہیں کرتا، میں صرف سچ بولتا ہوں اور بتا رہا ہوں کہ اب میں سندھ میں جاؤں گا اور وہاں کے لوگوں کو خوف کی زنجیروں سے آزاد کراؤں گا، جبکہ آئندہ سندھ سمیت پورے ملک میں حکومت تحریک انصاف کی ہوگی۔‘