پاکستان

کراچی: القاعدہ برصغیر کے 4 'دہشت گرد' مقابلے میں ہلاک

ہلاک ملزمان میں برما سے تعلق رکھنے والا ایک غیرملکی دہشت گرد ابراہیم عافیہ بھی شامل ہے، ایس ایس پی ملیر راؤ انوار

کراچی: پولیس نے شہرقائد کے علاقے ناردرن بائی پاس میں ہونے والے مبینہ مقابلے کے نتیجے میں کالعدم تنظیم القاعدہ برصغیر سے تعلق رکھنے والے 4 مبینہ دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر راؤ انوار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حساس اداروں کی اطلاع پر گلشن معمار پولیس نے کراچی کے علاقے ناردرن بائی میں واقع ایک مکان پر چھاپہ مارا، جس پر وہاں موجود مبینہ دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔

ایس ایس پی کے مطابق پولیس اور ملزمان کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے کے نتیجے میں 4 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔

راؤ انوار نے بتایا کہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ برصغیر سے ہے، جن میں برما سے تعلق رکھنے والا ایک غیرملکی دہشت گرد ابراہیم عافیہ بھی شامل ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں پولیس مقابلہ: 5 دہشت گرد ہلاک

ایس ایس پی ملیر کے مطابق دہشت گرد پولیس اور رینجرز پر حملوں سمیت دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، جن کے قبضے سے ایک اسنائپر اور 3 پستولیں برآمد کی گئیں۔

اس سے قبل گذشتہ ماہ 28 ستمبر کو بھی راؤ انوار نے کراچی کے علاقے سچل میں آپریشن کے دوران داعش اور القاعدہ سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں راؤ انوار کا 'مشتبہ' پولیس مقابلہ، 4 افراد ہلاک

واضح رہے کہ ایس ایس پی راؤ انوار کراچی میں متعدد مرتبہ ایسے پولیس انکاؤنٹر کرچکے ہیں جس میں کئی کئی افراد مارے گئے لیکن ان مبینہ مقابلوں میں کسی پولیس اہلکار کو خراش تک نہیں آئی۔