پاکستان

لاپتہ افراد کی بازیابی:ملت جعفریہ پاکستان کی ’جیل بھرو’ تحریک کا آغاز

پولیس نے کھارادر میں احتجاج کرنے والوں کو منتشر کیا جبکہ تحریک کے پہلے مرحلے میں علامہ حسن ظفر نقوی نے گرفتاری دے دی۔

کراچی میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے ملت جعفریہ پاکستان نے جیل بھرو تحریک کا آغاز کردیا اور تحریک کے پہلے مرحلے میں علامہ حسن ظفر نقوی سمیت 4 افراد نے پولیس کو گرفتاری دے دی۔

ملت جعفریہ پاکستان کے تحت کھارادر میں قائم امام بارگاہ کے باہر نماز جمعہ کے بعد سیکڑوں افراد نے احتجاج کیا، جس میں مظاہرین لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کررہے تھے۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تاہم ملت جعفریہ پاکستان کے رہنما حسن ظفر نقوی نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کرتے ہوئے پولیس کو احتجاجاََ گرفتاری دے دی۔

پولیس نے حسن ظفر نقوی سمیت 4 افراد کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جبکہ مظاہرین کو منتشر کردیا گیا۔

گرفتار کیے جانے والوں میں ملت جعفریہ پاکستان کے رہنماؤں کے علاوہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر ملت جعفریہ پاکستان کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ اگر لاپتہ افراد کو بازیاب نہ کرایا گیا تو 22 اکتوبر کو مرزا یوسف حسین اور اس کے بعد ملت جعفریہ پاکستان کے دیگر رہنما گرفتاریاں پیش کردیں گے۔

اس سے قبل احتجاج کے دوران ملت جعفریہ پاکستان کے رہنماؤں نے لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے مطالبات ماننے کی یقین دہانی کے باوجود شنوائی نہیں ہوئی۔