پاکستان

’بلوچستان میں ترقی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا‘

بلوچستان کی نوجوان نسل بہت باصلاحیت ہے اور پاکستان کا مستقبل بھی بلوچستان کی نوجوان نسل سے وابستہ ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 173 طلبہ اور اساتذہ نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کی نوجوان نسل بہت باصلاحیت ہے اور پاکستان کا مستقبل بھی بلوچستان کی نوجوان نسل سے وابستہ ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہوں، پروپیگنڈا ریاست مخالف عناصر غیر ملکی دشمن ایجنسیوں کے تعاون سے کر رہے ہیں، طلبہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں، محنت کریں اور منفی خیالات کو ذہن میں جگہ نہ دیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تعلیم ہماری قومی ترجیح ہے، اس قومی مقصد کے حصول کے لیے اپنی بھرپور معاونت جاری رکھیں گے، جبکہ کوئٹہ میں نَسٹ یونیورسٹی کا قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج پرامن، محفوظ اور مستحکم پاکستان کے عزم پر قائم ہے، پاک فوج ہر قسم کے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور کوئی بھی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، جبکہ پوری قوم کی حمایت سے پاک فوج نے ملک سے انتہا پسندی ختم کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے طلبہ کو بلوچستان میں پاک فوج کے تعاون سے جاری ترقیاتی کاموں سے بھی آگاہ کیا۔