’بھارت، افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث‘
اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کے بیانات پر تنقید کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت، افغان سرزمین اور کالعدم تنظیموں کی مدد سے پاکستان میں دہشت گردی کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی میڈیا کا ایک مخصوص ٹولہ جان بوجھ کر وزیر خارجہ کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے اور بیان پر جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے افغان سرزمین پر پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی بھارتی مالی معاونت کا بھی ذکر کیا، جبکہ بھارت، پاکستان میں دہشت گردی کے لیے کالعدم تحریک طالبان، جماعت الاحرار اور لشکر طیبہ کا استعمال کر رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے اپنے بیان میں بطور خاص بھارتی ’را‘ ایجنٹ اور نیول آفیسر کلبھوشن یادیو کا ذکر کیا، جس کے اعتراف جرم سے بھارتی ریاستی دہشت گردی بے نقاب ہوئی۔
واضح رہے کہ نیویارک میں موجود وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ افغانستان نے کلبھوشن یادیو کے بدلے سانحہ آرمی پبلک اسکول میں ملوث دہشت گرد کی حوالگی کی پیشکش کی ہے۔
ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن نے پاکستان میں دہشت گردی کے بیج بوئے اور وہ بلوچستان سمیت ملک بھرمیں دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ ہے۔